کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ
آج میں آپ کو کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ بتانے جا رہا ہوں۔ ایک زمانہ تھا جب کمپپیوٹر پر اردو لکھنے کے لیے کافی تردد کرنا پڑتا تھا۔ ونڈوز 98 کے زمانے میں تو اِن پیج کے بغیر اردو لکھنا گویا جوۓ شِیر لانے کے مترادف تھا۔ونڈوز ایکس پی میں بھی اردو کی بورڈ لے آؤٹ انسٹال کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں تھی۔ آج کل اردو لکھنا بہت آسان ہو گیا ہے لیکن افسوس کہ لوگ اردو کو اب موبائل فونز اور کمپیوٹر پر زیادہ تر پیغام رسانی کے لیے ہی استعمال کرتے ہیں۔ ویسے میرے اس بلاگ کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ شاید کچھ اور لوگ بھی اردو زبان میں لکھنے کی طرف مائل ہوں۔
کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ جو میں آپ کو بتانے جا رہا ہوں وہ ایک سافٹ ویئر کا استعمال کرتا ہے۔ اس کا نام ہے ”پاک اردو انسٹالر“ ۔ یہ سافٹ ویئر جناب بلال محمود صاحب کا بنایا ہوا ہے۔ اور ونڈوز کے تمام ورژنز (versions) پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پاک اردو انسٹالرکمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کی سہولت تو فراہم کرتا ہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اردو بہتر انداز میں پڑھنے کے لئے اردو کے چند ضروری فونٹس بھی انسٹال کر دیتا ہے۔
کمپیوٹر پر اردو کی ضرورت کیوں ہے؟
پاک اردو انسٹالر – کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ
ونڈوز سیون اور ونڈوز ٹین میں اردو لکھنے اور پڑھنے کی سہولت موجود ہوتی ہے، صرف آپ کو اردو کی بورڈ لے آؤٹ اور اردو فونٹس انسٹال کرنے ہوتے ہیں اور اس مقصد کے لیے ہم ”پاک اردو انسٹالر“ کا استعمال کرتے ہیں۔
سب سے پہلے نیچے دیے گۓ بٹن پر کلک کر کے پاک اردو انسٹالر کی فائل کو ڈاؤنلوڈ کریں۔
ڈاؤنلوڈ کی ہوئی فائل پر ڈبل کلک کریں۔ جب انسٹالیشن ختم ہو جاۓ گی تو انسٹالر کمپپیوٹر کو ری سٹارٹ کرنے کے لۓ کہے گا۔ کمپیوٹر کو ری سٹارٹ کریں تاکہ ساری تبدیلیاں درست طریقے سے حتمی شکل میں آ جائیں۔
اب آپ کے کمپیوٹر میں اردو کی مکمل سپورٹ شامل ہو چکی ہے۔ کمپیوٹر ری سٹارٹ ہونے کے بعد آپ کو اپنی ٹاسک بار (Taskbar) پر زبان منتخب کرنے کی سہولت Language Bar کی شکل میں نظر آۓ گی جیسا کہ آپ نیچے دی گئی تصویر میں دیکھ سکتے ہیں۔
آپ لینگوئج بار کے ذریعے اردو زبان کا انتخاب کر سکتے ہیں یا پھر اپنے کی بورڈ پر بائیں جانب ALT + SHIFT دبا کر مختلف زبان کا چناؤ کر سکتے ہیں۔ جس سافٹ ویئر میں اردو لکھنی ہو وہاں بائیں طرف والا ALT+SHIFT دبائیں تو آپ کا کمپیوٹر اردو موڈ میں ہو جاۓ گا اور آپ آسانی سے اردو میں لکھ سکیں گے۔ دوبارہ ALT + SHIFTدبانے سے کمپیوٹر واپس انگلش موڈ میں چلا جاۓگا۔
چونکہ کی بورڈ پر سارے بٹن یا کیز انگریزی حروٖف پر مشتمل ہوتی ہیں اس لۓ کی بورڈ لے آؤٹ Keyboard Layout کو سمجھنے یا بطور حوالہ استعمال کرنے کے لۓ آپ نیچے دی گئی تصویر کا استعمال کر سکتے ہیں جس سے آ پ کو یہ سمجھنے میں آسانی ہو گی کہ کس کی (Key) کو دبانے سے اردو کا کونسا حرف لکھا جا سکتا ہے۔
امید ہے کہ آپ کو کمپیوٹر پر اردو لکھنے کا بہترین طریقہ پسند آیا ہو گا اور اب آپ آسانی سے اپنے کمپیوٹر پر اردو لکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔ اگر آپ کو اردو لکھنے کے سلسلے میں کسی مدد کی ضرورت ہو تو آپ مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔