ڈیجیٹل مارکیٹنگ کیا ہے؟ 2024 میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے فوائد
جو لوگ آن لائن کام کرتے ہیں انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا نام تو لازمی سنا ہو گا۔ آج کل کسی بھی کاروبار کی ترقی کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ بہت ضروری ہے۔اس تحریر میں آپ کو آسان زبان میں سمجھانے کی کوشش کروں گا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کیا ہے اور 2024 میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے فوائد کیا ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کیا ہے؟
What is Digital Marketing?
آسان الفاظ میں انٹر نیٹ پر مختلف ذرائع کو استعمال کر کے اپنے کاروبار یا کسی پراڈکٹ کی تشہیر کرنے کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کہا جاتا ہے۔ وہ شخص جو تشہیر کرتا ہے اسے ڈیجیٹل مارکیٹر کہا جاتا ہے۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے کاروبار اور پراڈکٹ کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ کوئی بھی چیز یا سروس جسے بیچا جا سکے یا جس سے آپ پیسے کما سکیں اسے کاروبار یا پراڈکٹ میں شمار کیا جا سکتا ہے۔میں کچھ مثالوں سے اس کی مزید وضاحت کرتا ہوں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے متعلق غلط فہمی
پاکستان میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے متعلق ایک غلط فہمی بہت عام ہے اور اکثر ڈیجیٹل مارکیٹرز اس غلط فہمی سے فائدہ اٹھاتے ہیں جس سے نقصان چھوٹے کاروباری حضرات کو ہوتا ہے جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے کافی توقعات وابستہ کیے بیٹھے ہوتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ سمجھتے ہیں کہ فیس بک پر پیج بنانا، فیس بک پر اشتہار چلانا یا واٹس ایپ گروپ بنا کر پراڈکٹ بیچنے کو ہی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کہتے ہیں۔
سوشل میڈیا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ جو لوگ سوشل میڈیا کو ہی ڈیجیٹل مارکیٹنگ سمجھ کر کام کرتے ہیں وہ نہ تو اپنے کاروبار کو صحیح طرح پھیلا پاتے ہیں اور نہ ہی ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے پوری طرح فائدہ اٹھا پاتے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی بنیاد آپ کی اپنی ویب سائٹ ہوتی ہے۔ مارکیٹنگ کا مقصد اپنی سروس، پراڈکٹ، دوکان، کاروبار کی تشہیر ہے۔ اب فرض کریں کہ آپ فیس بک کا پیج بنا کر اپنی پراڈکٹ کی تشہیر کر رہے ہیں۔ فیس بک آپ کی ملکیت نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے ان کی پالیسی تبدیل ہو جائے یا آپ کا کوئی کام یا الفاظ ان کی پالیسی کے خلاف ہو تو آپ کا پیج بند کر دیا جائے گا۔ اس کے 2 نقصان ہوں گے۔
لیکن آپ کی ویب سائٹ آپ کی اپنی ملکیت ہے جسے کوئی بند نہیں کر سکتا۔ اگر آپ کا سوشل میڈیا بند بھی ہو جائے تو آپ کی ویب سائٹ کام کرتی رہے گی۔ حقیقت میں آپ کی ویب سائٹ آپ کے لیے 24 گھنٹے ایک سیلزمین کی طرح کام کرتی ہے۔ اسی لیے اچھے کاروبار اور عقلمند حضرات اپنی تمام ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی کاوشوں کا مرکز اپنی ویب سائٹ کو رکھتے ہیں اور دیگر ذرائع کو ویب سائٹ کے ساتھ استعمال کر کے ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھاتے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ
انٹرنیٹ کے ذریعے مختلف تکنیکوں، چینلز اور پلیٹ فارمز کا استعمال کر کے اپنے کاروبار، مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کرنے، اپنا پیغام سامعین تک پہنچانے اور اپنی آن لائن ٹریفک بڑھانے کے عمل کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کہتے ہیں۔
سوشل میڈیامارکیٹنگ
سوشل میڈیا مارکیٹنگ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک حصہ یا ایک تکنیک ہے جس میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے کہ فیس بک، انسٹا گرام اور یوٹیوب وغیرہ کا استعمال کر کے اپنے کاروبار، مصنوعات اور خدمات کی تشہیر کی جاتی ہے۔
شائد آپ ان تحریروں کو بھی پڑھنا چاہیں گے
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے اجزاء
Components Of Digital Marketing
اگر آپ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو صحیح طرح سے سمجھنا چاہتے ہٰیں تو اس کے لیے یہ ضروری ہے کہ آپ اس کے بنیادی اجزاء کو جانیں جن کو اکٹھا کر کے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی جاتی ہے۔ دوسرے الفاظ میں آپ انہیں Components of Digital Marketing بھی کہہ سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ 3 بنیادی اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے۔
۱- مارکیٹ ریسرچ
ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں سب سے پہلا کام مارکیٹ ریسرچ ہے۔ مؤثر تحقیق کیا بغیر کسی قسم کی مارکیٹنگ پر وقت یا پیسے ضائع کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ مارکیٹ ریسرچ کا بنیادی مقصد تو اپنے حقیقی ہدف کو تلاش کرنا ہوتا ہے یعنی ایسے کسٹمر یا لوگ ڈھونڈنا جو آپ کی پراڈکٹ میں دلچسپی رکھتے ہوں اور آپ کی پراڈکٹ کو خریدنا چاہیں۔ لیکن اس تحقیق سے آپ کو بہت سے انتہائی اہم سوالات کے جواب تلاش کرنا ہوتے ہیں۔
مؤثر مارکیٹ ریسرچ سے آپ باآسانی اپنی پراڈکٹس کی سیل بڑھا سکتے ہیں، اور آپ کم وسائل کے ساتھ اچھی مارکیٹنگ کر کے بہترین نتائج حاصل کر سکتے ہٰیں۔
۲- ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی
مارکیٹ ریسرچ کے بعد آپ نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی (Strategy) مرتب کرنا ہوتی ہے۔ یہ وہ منصوبہ یا پلان (Strategic Approach) ہوتا ہے جس پر عمل کر کے آپ اپنے کاروبار یا پراڈکٹ کی تشہیر کریں گے اور کوشش کریں گے کہ آپ کی پراڈکٹ دوسروں کے مقابلے میں زیادہ بکے اور آپ اپنے مدِ مقابل کاروبار پر سبقت لے جا سکیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی ایک مؤثر حکمتِ عملی میں ان تمام چیزوں کا احاطہ کیا جاتا ہے جس سے آپ اپنے کاروبار کی مؤثر تشہیر کر سکیں۔ ان چیزوں میں درج ذیل چند بنیادی باتوں کے متعلق فیصلہ کیا جاتا ہے۔
۳- ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا تجزیہ
جیسے جیسے آپ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی تکنیکس کو استعمال کرتے ہیں ویسے ویسے آپ کو ان کے نتائج کا تجزیہ کرنا ہوتا ہے تا کہ آپ جان سکیں کہ آپ کی کاوشیں کتنی کامیاب ہیں اور مستقبل میں آپ اپنی حکمتِ عملی میں کیا تبدیلی لا کر اسے مزید مؤثر بنا سکتے ہیں۔
بدقسمتی سے پاکستان میں زیادہ تر لوگ جو ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی سروسز فراہم کرتے ہیں وہ نتائج کے درست تجزیے پر توجہ نہیں دیتے جس سے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی افادیت ختم ہو جاتی ہے۔ چھوٹے کاروبار یہ جان ہی نہیں پاتے کہ انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر جو پیسے لگائے ہیں اس سے انہیں کیا فوائد حاصل ہوئے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے نتائج کے تجزیے کے لیے بہت سے ٹولز استعمال ہوتے ہیں جن میں سب سے مشہور گوگل اینالیٹکس (Google Analytics) ہے۔ ہم مستقبل میں اس کے بارے میں ایک تفصیلی تحریر میں جانیں گے۔
اگر آپ اپنی بزنس ویب سائٹ، بلاگ یا آن لائن سٹور بنوانا چاہتے ہیں تو ہم ڈومین اور ہوسٹنگ سے لے کر ویب ڈیزائن، ویب سائٹ سپورٹ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ میں آپ کو مناسب قیمت میں بہترین خدمات مہیا کر سکتے ہیں۔
ان اجزاءکو تفصیل سے سمجھنے کے لیے میں آ پ کو ایک سادہ سی مثال بتاتا ہوں جس سے آپ کو اندازہ ہو گا کہ کیسے یہ سب اجزاء اکٹھے استعمال ہو کر مؤثر آن لائن مارکیٹنگ کرنے میں آپ کی مدد کرتے ہیں۔
فرض کریں آپ بچوں کے کپڑوں کا آن لائن کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔ سب سے پہلے آپ کو مارکیٹ ریسرچ کرنا ہو گی کہ اس کام کی کیا ڈیمانڈ ہے، کس عمر کے بچوں کے کپڑوں کی ڈیمانڈ زیادہ ہے، مختلف طرح کے کپڑوں کے ریٹ کیا ہیں، کپڑوں کو گاہکوں تک پہنچانے کے لیے کونسی کارگو کمپنی استعمال کرنی چاہیے، ڈیلیوری ریٹ کیا ہونے چاہیے۔
اس ابتدائی تحقیق کے بعد آپ کو اپنی ٖیجیٹل مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی ترتیب دینا ہوتی ہے۔ اس میں سب سے پہلے آپ کو اپنے کاروبار کو آن لائن دیکھانے کے لیے برانڈ بنانا پڑے گا۔ برانڈ بنانے (Branding / Brand Identity) کے عمل کی تفصیل بتانے کے لیے ایک الگ مکمل تحریر کی ضرورت ہے۔ لیکن آسان الفاظ میں آپ کو اپنے کاروبار کا نام، ویب سائٹ کے لیے ڈومین، برانڈ کے لیے رنگ، لوگو (Logo)، اور سٹائل کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔
برانڈ کی پلاننگ کرنے کے بعد آپ کو ایک خوبصورت ویب سائٹ بنوانا ہو گی۔ آپ کی ویب سائٹ ہی آپ کی ٖیجیٹل مارکیٹنگ کی کاوشوں کی بنیاد ہو گی۔ ویب سائٹ کے ذریعے لوگوں تک اپنے کاروبار کی معلومات پہنچانے اور کپڑے بیچنے کے لیے آپ ویب سائٹ کی ایس ای او (SEO) کریں گے۔ ایس ای او کی مدد سے آپ گوگل سے ٹریفک اور کلائنٹس کو اپنی ویب سائٹ کی طرف لائیں گے۔
اس میں آپ ریسرچ کرتے ہیں کہ لوگ کون سے الفاظ کے ذریعے گوگل یا دوسرے سرچ انجنز میں بچوں کے کپڑوں سے متعلق معلومات اکٹھا کرتے ہیں۔ ان الفاظ کو کی ورڈز (Keyword) یا کی فریزز (Key Phrases) کہتے ہیں۔ ان کی ورڈز کو استعمال کر کے آپ ویب سائٹ اور دوسرے چینلز پر آپ اپنے کاروبار کی معلومات کو مناسب الفاظ میں بیان کریں گے۔
آپ کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی میں یہ بات بھی شامل ہوتی ے کہ ویب سائٹ کے ساتھ آپ دوسرے کونسے چینلز استعمال کریں گے۔ فرض کریں کہ آپ ای میل اور سوشل میڈیا کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے بھی ایک پلان بنانا ہو گا۔ ای میل کے لیے آپ اپنی ویب سائٹ پر ای میل کے لیے ایک فارم بنائیں گے اور سوشل میڈیا کے لیے آپ مختلف پلیٹ فارمز پر اپنے کاروبار کی پروفائلز بنائیں گے۔
ای میل مارکیٹنگ اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے لیے آپ کو مناسب وقت کا بھی انتخاب کرنا ہو گا جس وقت آپ ای میلز بھیج سکیں اور سوشل میڈیا پر اپنا پیغام پوسٹ کر سکیں۔ یہ وقت ریسرچ کرنے کے بعد منتخب کیا جاتا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ صحیح وقت پر آپ کی پوسٹ کو دیکھ سکیں اور پڑھ سکیں
اپنی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی حکمت عملی پر عمل کرتے وقت آپ اپنی ویب سائٹ، ای میل سروس اور سوشل میڈیا پروفائلز کو اپنے منتخب لیے ہوئے اینا لیٹکس کے پلیٹ فارم پر ڈالیں گے تا کہ آپ اپنی ٖیجیٹل مارکیٹنگ کی کاوشوں کا صحیح طرح تجزیہ کر سکیں۔ اس تجزیے سے آپ یہ جان سکیں گے کہ آپ کی کاوشیں کس حد تک کامیاب ہیں اور کاروبار کو مزید پھیلانے اور کامیاب بنانے کے لیے مزید کیا تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے فوائد
Benefits Of Digital Marketing
آج کل کے دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ صرف ایک چوائس نہیں بلکہ کامیابی کے لیے ایک ضرورت بن گئی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق سال 2026 تک ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی صنعت تقریباً 800 بلین ڈالر کی ہو جائے گی۔
اس تحریر میں آپ کو آسان زبان سمجھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کیا ہوتی ہے، یہ کیسے کام کرتی ہے اور اس کے بنیادی اجزاٰء کون کون سے ہیں۔ اب میں آپ کو اس کے کچھ اہم فوائد کے بارے ہیں بتاؤں گا تا کہ آپ آج کے دور میں کاروبار کی ترقی کے لیے اس کی افادیت کو اچھی طرح سمجھ سکیں۔
۱- بہتر عالمی پہنچ اور مقامی ترقی
Better Global Reach and Local Growth
مارکیٹنگ کے روایتی طریقے جیسے کہ میگزین، اخبار، بل بورڈ وغیرہ زیادہ تر ایک مخصوص علاقے تک محدود رہتے ہیں۔ لیکن ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے آپ اپنے علاقے تک محدود رہنے کی بجائے مختلف علاقوں، ممالک اور ہزاروں میل دور کے ٹائم زونز میں رہنے والے عالمی صارفین کو بھی اپنی مصنوعات اور خدمات پیش کر سکتے ہیں۔
لوکل ایس ای او (Local SEO) اور ٹارگٹڈ آن لائن مارکیٹنگ کے ذریعے چھوٹے کاروبار مقامی مارکیٹ میں اپنے کاروبار کو بہتر طریقے سے ترقی دے سکتے ہیں اور مقامی صارفین میں اپنی مصنوعات اور خدمات کو زیادہ مقبول بنا سکتے ہیں۔
۲- کم لاگت سے مؤثر مارکیٹنگ
Cost-effective Marketing
محدود بجٹ میں رہتے ہوئے بہتر نتائج حاصل کرنا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے سب سے بڑے فوائد میں سے ایک ہے۔ آپ کم لاگت سے زیادہ صارفین تک پہنچ سکتے ہیں، اپنی سیل بڑھا سکتے ہیں۔ زیادہ ٹریفک لا سکتے ہیں۔حقیقت تو یہ ہے کہ آج کے شدید مقابلے کے دور میں بڑے اور پہلے سے قائم شدہ اداروں کا مقابلہ کرنے کے لیے آن لائن مارکیٹنگ ایک بہت مؤثر ذریعہ ہے۔
آن لائن مارکیٹنگ کے لیے آپ کے پاس کسی مخصوص سرمایے کا ہونا ضروری نہیں ہے بلکہ آپ اپنے بجٹ کے مطابق ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کاوش کر سکتے ہیں، اشتہارات دے سکتے ہیں یا کوئی دوسرا مارکیٹنگ چینل استعمال کر سکتے ہیں۔
۳- برانڈ کی بہتر آگاہی
Better Brand Awareness
نئے شروع ہونے والے کاروبار (Startups) اور چھوٹے کاروبار کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ اس لیے زیادہ فائدہ مند ہے کہ صحیح طریقے سے آن لائن مارکیٹنگ کر کے آپ اپنے کاروبار اور برانڈ کی آگاہی اپنے صارفین تک زیادہ بہتر انداز میں پہنچا سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مختلف چینل استعمال کر کے آپ اپنی مصنوعات اور خدمات کو فروغ دے سکتے ہیں۔ جیسے کہ ایس ای او (SEO) کا استعمال کر کے آپ اپنے کاروبار کے لیے سرچ انجنز کے رزلٹ پیجز میں ٹاپ رینک حاصل کر کے اپنی ساکھ بہتر بنا سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، ای میل مارکیٹنگ اور اشتہارات کی مدد سے آپ زیادہ صارفین تک آسانی سے اپنے کاروبار کی معلومات پہنچا سکتے ہیں۔
۴- زیادہ ٹارگٹڈ مارکیٹنگ
More Targeted Form Of Marketing
ڈیجیٹل مارکیٹنگ آپ کو خریداروں کے مخصوص گروپوں تک پہنچنے کے طریقے فراہم کرکے صحیح صارفین کوٹارگٹ کرنے میں مدد دیتی ہے جو آپ کی مصنوعات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور مزید جاننا چاہتے ہیں۔ بہتر ٹارگٹڈ مارکیٹنگ سے آپ زیادہ آسانی کے ساتھ اپنے کاروبار کو ترقی دے سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مختلف طریقوں سے آپ اپنے صارفین اور خریداروں کے متعلق ڈیٹا اکٹھا کر سکتے ہیں، اپنی مصنوعات میں ان کی دلچسپی کو جان سکتے ہیں، اور دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کے صارفین کے لیے کیا بہتر کام کرتا ہے۔ اس سے آپ کو زیادہ مؤثر مارکیٹنگ کرنے، بہتر نتائج حاصل کرنے اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی آن لائن مارکیٹنگ کی کاوشوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
۵- صارفین سے بہتر روابط
Better Customer Engagement
آج کل لوگ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کافی فعال ہو گئے ہیں۔ وہ کاروباری اداروں کی پروفائلز کو دیکھتے ہیں، ان کی مصنوعات پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہیں۔ یہ ان کمپنیوں کے لیےایک بہترین موقع ہوتا ہے کہ وہ پوسٹس اور تبصروں کے ذریعے اپنے ٹارگٹڈ صارفین کے ساتھ رابطہ قائم کر سکیں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ صارفین کے لیے ایک پر کشش ذریعہ ہے جس سے وہ اپنے پسندیدہ اور نئے برانڈز کے ساتھ بات چیت کر سکتے ہیں۔ صارفین ایسے برانڈز کو ترجیح دیتے ہیں جو انہیں سنتے ہیں اور اُن کی رائے کو اہمیت دیتے ہیں۔
اس طرح نا صرف کاروبار اپنے ممکنہ گاہکوں کی تعداد میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ اپنے صارفین کے ساتھ جڑ کر اپنی مصنوعات کی خریداری میں اضافہ کر کے مزید فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
۶- سرمایہ کاری پر بہتر منافع
Greater Return on Investment
سرمایہ کاری پر واپسی (ROI) ڈیجیٹل مارکیٹنگ کی کاوشوں کے نتائج جاننے کا ایک عمدہ نظام ہے۔ ہر کاروبار کی خواہش ہوتی ہے کہ جب وہ مارکیٹنگ پر پیسہ لگائیں تو انہیں اس پر منافع ہو ورنہ تو پیسے ضائع ہو جائیں گے۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے روایتی مارکیٹنگ کے مقابلے میں اس کے لیے بہت کم سرمایے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اور مختلف طریقوں سے کاروبار اپنے گاہکوں، اپنی مصنوعات اور خدمات کی فروخت اور اپنے برانڈ کی آگاہی میں اضافے سے فائدہ اٹھا کر اپنے سرمایے پر بہترین منافع حاصل کر سکتے ہیں۔
۷- قابلِ پیمائش نتائج
Measurable Results
مارکیٹنگ کمپین بنانا اور ان پر عمل درآمد صرف آدھی جنگ ہے۔ اصل مقصداپنی کاوشوں کا تجزیہ کرنا، اس کے نتائج کی پیمائش کرنا اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرنا ہوتا ہے۔ اگر کوئی کمپنی اپنی مارکیٹنگ کی حکمت عملیوں کی کارکردگی کی پیمائش نہیں کر سکتی تو اس کی تمام کوششیں رائیگاں جاتی ہیں۔ روایتی مارکیٹنگ چینلز، جیسے ریڈیو، ٹی وی، اور اخبارات، اب بھی موثر ہیں، لیکن ہر میڈیم کی تاثیر کو ٹریک کرنا مشکل ہے۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے بڑے فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ یہ آپ کو اپنی مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی کے ہر پہلو کو ٹریک کرنے اور اس کے نتایج کا تجزیہ کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ مثال کے طور پر آپ جان سکتے ہیں کہ آپ کے اشتہار پر کتنے کلکس ہوئے، آپ کی سوشل میڈیا پوسٹس کو کتنے لوگوں نے دیکھا، آپ کی ویب سائٹ پر کتنے لوگ آئے، آپ کی ای میلز کو کتنے لوگوں نے کھول کر پڑھا۔
اور گوگل سرچ کنسول اور گوگل اینالیٹکس جیسے پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے کارکردگی کو ٹریک کر سکتے ہیں اور نتائج کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی حکمتِ عملی میں مناسب تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔
۸- صارف بنانے کی بہتر شرح
Improved Conversion Rate
جیسے کہ میں بتا چکا ہوں کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ آپ کو اپنی کاوشوں کاتجزیہ کرنے اور مختلف چینلز پر اپنی مارکیٹنگ کی کارکردگی کو ٹریک کرنے کی سہولت دیتی ہے۔ جب کوئی شخص آپ کی ویب سائٹ سے کوئی پراڈکٹ خریدتا ہے، یا نیوز لیٹر کو سبسکرائب کرتا ہے یا سائن اپ کرتا ہے تو اسے لیڈ کنورژن (Lead Conversion) کہتے ہیں یعنی سامعین کو گاہکوں میں تبدیل کرنا۔
روایتی مارکیٹنگ میں سامعین کی گاہکوں میں تبدیلی کے شرح کا صحیح تعین کرنا تقریباً ناممکن ہے لیکن مختلف اداروں نے تحقیق کر کے اس شرح کو تقریباً 2٪ تک جانچا ہے۔ تاہم آن لائن مارکیٹنگ میں اس شرح کو زیادہ اچھے طریقے سے ناپا جا سکتا ہے اور اس کی اوسط تقریباً 12٪ ہے جو کہ روایتی مارکیٹنگ سے تقریباً چھ گنا زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ آن لائن مارکیٹنگ سے آپ یہ بھی جان سکتے ہیں کہ وہ کونسا میڈیم یا چینل ہے جس کے ذریعے زیادہ لوگ آپ کے گاہکوں اور صارفین میں بدل رہے ہیں یعنی کہ آپ کی لیڈز کہاں سے آ رہی ہیں تا کہ آپ اس میڈیم پر زیادہ بہتر اقدامات کر سکیں۔
۹- ایک سے زیادہ حکمتِ عملی کی گنجائش
Chance of Adopting Multiple Strategies
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ کاروبار مختلف سامعین اور صارفین کو ٹارگٹ کرنے کے لیے ایک سے زائد طریقوں پر عمل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ اپنے بجٹ، سامعین کی عمر، اور مارکیٹ کے رجحانات کے بنیاد پر یہ انتخاب کر سکتے ہیں کی آپ کی مارکیٹنگ کی کاوشوں کے لیے کونسا پلیٹ فارم زیادہ مؤثر رہے گا۔
بزنس ٹو بزنس (B2B) کاروبار کی مارکیٹنگ حکمتِ عملی کچھ اور ہو گی اور بزنس ٹو کنزیومر (B2C) کاروبار کی حکمتِ عملی کچھ اور ہو گی۔ اپنی مصنوعات کو عالمی سطح پر بیچنے والوں کا طریقہ اور مقامی سطح پر کاروبار کرنے والوں کی حکمتِ عملی ایک دوسرے سے مختلف ہو گی۔
کچھ کاروبار ایس ای او (SEO) سے زیا دہ بہتر نتائج حاصل کر لیتے ہیں اور کچھ کاروبار اشتہاری مہمات کو ترجیح دیتے ہیں۔ لیکن آپ جو بھی طریقہ استعمال کریں آپ اپنے نتائج کا تجزیہ کر کے، اپنے فائدے کو بڑھانے کے لیےایک سے زیادہ حکمتِ عملیوں کو اپنا سکتے ہیں۔
۱۰- حالات کے مطابق حکمتِ عملی میں تبدیلی کی گنجائش
Flexibility to Change Strategy According to Results
میں یہ بتا چکا ہوں کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ کا ایک اہم جزو مارکیٹنگ کمپین اور اس کے نتائج کا تجزیہ کرنا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ ہم اپنی مارکیٹنگ کی کاوشوں میں حالات، سامعین، نتائج، فوائد، مارکیٹ، اپنی مصنوعات اور خدمات کی ڈیمانڈ، اور دوسرے مختلف عوامل کی بنیاد پر تبدیلی کر سکیں۔ ہم اپنی مارکیٹنگ کی حکمتِ عملی کو آسانی سے اپ ڈیٹ یا ایڈجسٹ کر سکتے ہیں تاکہ وہ ہمارے برانڈ، کاروبار اور ہمارے ٹارگٹڈ سامعین کے لیے بہتر انداز میں کام کر سکے۔
آپ ایس ای او (SEO) کے لیے کی ورڈز (Keywords) میں تبدیلی کر سکتے ہیں، اپنی ای میلز کی تحریر اور اس کی ٹائمنگ بدل سکتے ہیں، اپنے برانڈ کا پیغام بدل سکتے ہیں، اپنی سوشل میڈیا کی پوسٹس کے کیپشن یا ہیش ٹیگز بدل سکتے ہیں۔ نتیجہ یہ کہ اپنی حکمتِ عملی میں تبدیلی کی گنجائش آپ کی مارکیٹنگ کی کاوشوں کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
تحریر کا لُبِ لباب
مجھے امید ہے کہ ڈ ٖیجیٹل مارکیٹنگ پر یہ تحریر آپ کے علم میں اضافہ کرے گی۔ چاہے آپ آن لائن مارکیٹنگ سیکھ کر اسے ایک سروس کے طور پر دوسروں کو پیش کریں یا آپ ایک کاروباری ہیں اور اپنے بزنس یا برانڈ کے لیے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کرنا یا کروانا چاہتے ہیں تو اس تحریر سے آپ کو اس فیلڈ سے متعلق بنیادی باتوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا۔
میرا ارادہ تو یہ تھا کہ میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے اقسام اور اس کے مختلف میڈیم یا چینلز کے بارے میں بھی اسی تحریر میں بتاتا لیکن یہ آرٹیکل پہلے ہی کافی طویل ہو گیا ہے۔ اس لیے اگلی تحریر میں ہم انٹر نیٹ مارکیٹنگ کی اقسام کے بارے میں بات کریں گے۔
اگر آپ اس تحریر کے بارے میں اپنی رائے دینا چاہیں تو کمنٹس میں دے سکتے ہیں۔ اور اگر آپ اپنے کاروبار کے لیے ویب سائٹ بنوانا یا ڈیجیٹل مارکیٹنگ کروانا چاہتے ہیں تو آپ ہم سے رابطہ کر سکتے ہیں۔