بلاگنگ کیا ہے اور اس کے کیا فوائد ہیں؟
دورِ حاضر میں شائد ہی کوئی ہو جس نے بلاگنگ کا نام نہ سنا ہو۔ بلاگنگ کی اہمیت ہر دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ جنوری 2022 کے انٹر نیٹ اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں بلاگز کی تعداد 600 ملین سے تجاوز کر چکی ہے اور ہر دن 8 ملین سے زائد بلاگ پوسٹس شائع کی جاتی ہیں۔ تجزیاتی ڈیٹا کے مطابق لوگ دنیا بھر میں ہر ماہ 53,000 بار ”بلاگ کیسے شروع کریں“ کے لیے گوگل پر سرچ کرتے ہیں۔ یہ 1,700 سے زیادہ لوگ ہیں جو ہر روز ایک بلاگ شروع کرنے پر غور کرتے ہیں۔ تو چلئے آج میں آپ کو بتاتا ہوں کہ آخر بلاگنگ کیا ہے اور اس کے کیا فوائد ہیں تا کہ آپ کی معلومات میں اضافہ ہو سکے۔
بلاگنگ کیا ہے؟
انٹرنیٹ کی زبان میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے، اپنی بات دوسروں تک پہنچانے، مختلف چیزوں کے بارے میں اپنی رائے دینے، مختلف جگہوں موضوعات اشخاص یا واقعات کے بارے میں لکھنے یا دوسروں کو کچھ سمجھانے کے لیے لکھنے کو بلاگنگ کہتے ہیں. بلاگنگ کے ذریعے آپ اپنی سوچ اور شوق کے مطابق مختلف موضوعات پر لکھتے ہیں اور قارئین سے تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
بلاگنگ کو مضمون نگاری سے تشبیہ دی جا سکتی ہے فرق صرف اتنا ہے کہ مضمون نگاری میں آپ کو اس کے قواعدوضوابط کا خیال رکھنا پڑتا ہے جبکہ بلاگنگ میں آپ آزادانہ طور پر بغیر کسی پابندی کے اپنے خیالات کا اظہار کر سکتے ہیں۔ جس طرح مضمون نگاری میں ہر تحریر کو مضمون کہتے ہیں اسی طرح بلاگنگ میں ہر تحریر کو بلاگ پوسٹ (Blog Post) کہتے ہیں۔ یہ تحریر جو آپ پڑھ رہے ہیں یہ بلاگ پوسٹ کی ایک مثال ہے۔
آغاز میں بلاگنگ صرف اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ تھا لیکن اب اسے کاروبار اور تشہیری مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ بلاگنگ بےشمار لوگوں کی ماہانہ آمدنی کا ذریعہ بن چکا ہے۔ تقریباً ہر کمپنی اور لاکھوں لوگ بلاگنگ کو اپنی مصنوعات اور سروسز کی تشہیر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اکثر کمپنیوں اور اداروں کے ملازمین اپنے اداروں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر بلاگز لکھتے ہیں۔
بلاگ کیا ہے؟
بلاگ (Blog) انگریزی زبان کے دو الفاظ ویب (Web) اور لاگ (Log) سے مل کر بنا ہے. بلاگ ایک ایسی ویب سائٹ کو کہا جاتا ہے جس میں معلومات کو تاریخ یا زمروں (Categories) کے حساب سے اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ نئی تحریریں پہلے پیش کی جاتی ہیں۔ بلاگ کے تحریری مواد کو بلاگ پوسٹس کہا جاتا ہے۔ کچھ لوگ آسانی کی خاطر بلاگ میں موجود معلوماتی مضامین (Blog Posts) کو ہی بلاگ کہتے ہیں جو تکنیکی اعتبار سے غلط ہے۔
لفظ ویب لاگ کو پہلی مرتبہ 1997 میں ایک شخص جان بارگر نے استعمال کیا تھا جسے بعد میں ایک اور شخص پیٹر مرہولز نے ازراہِ مذاق وی بلاگ (we Blog) کہا اور وہیں سے یہ بلاگ کا لفظ مشہور ہوا. عربی اور اردو میں بلاگ کو مدونہ اور بلاگر کو مدونی کہا جاتا ہے لیکن عمومی طور پر انگریزی لفظ بلاگ ہی اردو گفتگو میں استعمال ہوتا ہے۔
بلاگز عام طور پر ایک فرد یا لوگوں کے ایک چھوٹے سے گروپ کے ذریعے گفتگو کے انداز میں معلومات پیش کرنے کے لیے چلائے جاتے ہیں۔ تاہم، اب بہت سارے کارپوریٹ بلاگز موجود ہیں جو بہت زیادہ معلوماتی، کاروباری اور فکری قیادت کے طرز کا مواد تیار کرتے ہیں۔
شروعات میں لوگ بلاگ کو ذاتی ڈائری کے طور پر استعمال کرتے تھےلیکن انٹر نیٹ نے دنیا کو ایک گلوبل ویلیج (Global Village) بنا دیا ہےاس لیے بلاگ اب ایک عوامی ڈیجیٹل ڈائری بن چکا ہےجہاں آپ کے خیالات کی رسائی اب دنیا بھر کے لوگوں تک ہو چکی ہے۔ آپ اپنے نقطہ نظر، اپنے تجربات و مشاہدات اور خیالات کا لاکھوں لوگوں کے ساتھ تبادلہ کرسکتے ہیں۔ معاشرتی مسائل، سیاست، تعلیم، کھیل، فیشن اور دیگر کئی چیزوں پر تبصرے کرسکتے ہیں۔ جہاں لکھنے کے لیے آپ کسی ادارے یا ویب سائٹ کی پالیسیز کے پابند نہیں ہوتے۔
لیکن یاد رکھیں کہ آپ کے بلاگ کو ہر طرح کا مزاج اور سوچ رکھنے والا پڑھ سکتا ہےاور اس پر اپنی رائے دے سکتا ہے، تعریف یا تنقید کر سکتا ہے اور آپ کو فراخدلی سے ان تبصروں کو برداشت کرنا ہوتا ہے۔
بلاگ اور ویب سائٹ میں کیا فرق ہے؟
بلاگ ویب سائٹ کی ایک قسم ہے جس میں معلومات کو الٹی زمانی ترتیب (Reverse Chronological Order) میں رکھا جاتا ہے یعنی نئی تحریریں پہلے آتی ہیں۔ عام ویب سائٹس فطرت میں جامد (static) ہوتی ہیں جہاں مواد کو صفحات میں ترتیب دیا جاتا ہے، اور وہ اکثر اپ ڈیٹ نہیں ہوتی ہیں۔ جبکہ ایک بلاگ متحرک (dynamic) ہوتا ہے، اور اسے عام طور پر زیادہ کثرت سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔ کچھ بلاگرز ایک دن میں متعدد نئے مضامین شائع کرتے ہیں۔
بلاگز کسی بڑی ویب سائٹ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔ اکثر کاروباری اداروں کی ویب سائٹس میں ایک بلاگ سیکشن ہوتا ہے جہاں وہ اپنے صارفین کو مطلع کرنے اور تعلیم دینے کے لیے باقاعدگی سے تحریری مواد تخلیق کرتے ہیں۔
آپ ویب سائٹ اور بلاگ دونوں بنانے کے لیے ورڈپریس کا استعمال کر سکتے ہیں، اسی لیے زیادہ تر کاروبار اپنی ویب سائٹ بنانے کے لیے ورڈپریس کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنا بلاگ یا ویب سائٹ بنوانا چاہتے ہیں تو میں آ پ کی مدد کر سکتا ہوں۔ آپ میری ویب سروسز کے صفحے پر مزید تفصیل جان سکتے ہیں یا مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
بلاگنگ کے فوائد
بلاگنگ کے بارے میں تفصیلات جان کر آپ سوچ رہے ہوں گے کہ آپ بلاگنگ کیوں کریں؟ تو میں آپ کو بتاتا چلوں کہ بلاگنگ کے کئی فوائد ہیں جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں:۔ پہلا جواب یہ ہے کہ قارئین کے تبصروں سے آپ کو بھی پذیرائی ملے گی۔ دوسرا اور فائدہ عام دوسری بات یہ ہے کہ آپ مشہور بھی ہوسکتے ہیں اور اگر آپ اچھا بلاگنگ کرلیتے ہیں تو عزت بھی ملے گی اور اگر آپ چاہیں تو عزت کے ساتھ روپئے بھی کما سکتے ہیں وہ بھی اچھی خاصی۔۔
مجھے یقین ہے کہ اس تحریر سے آپ کی معلومات میں اضافہ ہوا ہو گا۔ اگر آپ اس پر کوئی راۓ دینا چاہیں تو نیچے کمنٹ باکس کی مدد سے تبصرہ کر سکتے ہیں۔ انشاءاللہ بلاگنگ سے متعلق اگلی قسط میں ہم جانیں گے کہ بلاگ کی کتنی اقسام ہوتی ہیں۔